ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بارہ بنکی: مسجد میں داخلہ اور نماز پڑھنے پر پابندی سے تنازعہ، مشتعل ہجوم اور پولیس میں جھڑپ، 6 گرفتار

بارہ بنکی: مسجد میں داخلہ اور نماز پڑھنے پر پابندی سے تنازعہ، مشتعل ہجوم اور پولیس میں جھڑپ، 6 گرفتار

Sun, 21 Mar 2021 11:33:58    S.O. News Service

بارہ بنکی،21؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے غیر قانون مذہبی مقامات کو ہٹانے کا حکم سنائے جانے کے بعد یوگی حکومت اور انتظامیہ حرکت میں ہے اور کئی مذہبی مقامات پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ اسی ضمن میں بارہ بنکی کی رام سنیہی گھاٹ تحصیل کمپلیکس میں واقعہ مسجد میں بھی انتظامیہ نے نماز پڑھنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

نیوز ٹریک ویب سائٹ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق تحصیل انتظامیہ نے بیری کیڈنگ لگا کر مسجد میں داخلہ پر پابندی عائد کر دی اور نماز پڑھنے پر بھی روک لگا دی۔ اس سے ناراض ہجوم اور پولیس اہلکاروں میں جھڑپ ہوئی، جس کے بعد پولیس نے طاقت کا استعمال کر کے انہیں وہاں سے بھگا دیا۔ یو این آئی کے مطابق پولیس نے پتھربازی اور ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں 6؍ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ سڑکوں پر موجود مذہبی مقامات کے خلاف کارروائی کر رہی ہے لیکن رام سنیہی گھاٹ تحصیل کمپلیکس میں واقع مسجد نہ تو سڑک پر تعمیر کی گئی ہے اور نہ ہی اسے ہٹانے کا کوئی حکم دیا گیا ہے۔ وہیں تحصیل انتظامہ نے مسجد کا راستہ بند کرنے سے قبل جو نوٹس چسپاں کیا ہے اس میں مسجد کے بغل میں واقعہ رہائش اور بیت الخلاء کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے اسی مسجد میں نماز پڑھ رہے ہیں اور اس کا بجلی کنکشن بھی ہے اور یہ عمارت سنی وقف بورڈ میں رجسٹرڈ بھی ہے، تاہم انتظامہ کچھ بھی سننے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس موصول ہونے کے دو دن بعد ہی سنی وقف بورڈ کا رجسٹریشن، بجلی کنکشن اور بقیہ ثبوت پولیس کو سونپے گئے، یہ بھی اپیل کی کہ اگر یہاں کے رہائشیوں کو مسجد سے دقت ہے تو اس کا داخلی دروازہ الگ کر دیں، مگر انتظامیہ نے ایک نہیں سنی۔

ادھر پولیس ذرائع نے یو این آئی کو ہفتے کے روز بتایا کہ تحصیل کالونی کمپلیکس کے ایک کمرہ نما عمارت میں کچھ افراد نماز پڑھنا چاہتے تھے مگر چونکہ یہاں بیرونی افراد کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ تحصیل انتظامیہ کی ممانعت اور سختی سے ناراض ہجوم نے جمعہ کی دیر شام پتھراؤ کر دیا۔ جواب میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور ان پر ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کر کے انہیں بھگا دیا۔ صورتحال کے پیش نظر قریبی تھانوں سے پولیس اور پی اے سی کو طلب کیا گیا۔ رات گئے ڈی ایم اور ایس پی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ نظم و نسق کے پیش نظر قصبوں میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔


Share: